• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈی ٹیسٹ، قسمت مہربان، پاکستان کے 5 وکٹ پر 259، بابراعظم پھر ناکام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا کی ناقص فیلڈنگ کا سلسلہ دوسرے ٹیسٹ میں بھی جاری رہا۔ مہمان فیلڈروں نے چار کیچ ڈراپ کئے جبکہ سیریز میں گیارہ کیچ ڈراپ ہوچکے ہیں۔9 رنزپرعبداللہ شفیق بال بال بچے، مارکو جینسن کی گیند پر بیٹ ہوئے اور گیند وکٹ کو لگی لیکن بیلز گر نہ سکیں۔ پاکستان نے پانچ مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن پانچ وکٹ پر259رنز بنالئے۔ سعود شکیل 42اور سلمان علی آغا دس رنز پر کھیل رہے ہیں۔ سعود نے 105 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکے مارے جبکہ سلمان نے25 گیندیں کھیلی ہیں۔ کپتان شان مسعود نے مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں شاندار بیٹنگ کی وہ تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے87رنز بناکر نمایاں رہے۔ بابر اعظم ایک بار پھر اسپنرز کے خلاف مشکل میں دکھائی دیئے۔ وہ22گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے16رنز بناکر مہاراج کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ پنڈی کی پچ پر لاہور کی طرح خطرناک نہیں ہے ۔ پاکستان نے اچھا ٹاس جیتا جس پر چوتھی اننگز مشکل ہوگی۔ حیران کن طور پر پہلے ٹیسٹ میں گیارہ وکٹیں لینے والے متھو سوامی کو کپتان نے کیشو مہاراج کی موجودگی میں صرف چار اوورز دیئے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گرگئی، اوپنر امام الحق 17 رنز بناکر آصف اسپنر ہارمر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ دو چانس کے بعد 57 رنز بنانے والے عبداللہ شفیق بھی ہارمر کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 146 گیندوں کا سامنا کیا ، چار چوکے مارے، عبداللہ نے شان مسعود کے ساتھ 111رنز کی شراکت قائم کی۔ چوتھے نمبر پر آنے والے بابر اعظم پھر بڑی اننگزی کھیلنے میں ناکام رہے اور جنوبی افریقا کا ری ویو ضائع ہونے کے بعد مہاراج کی اگلی ہی گیند پر سلی مڈ آف پر کھڑے ٹونی ڈی زورزی نے شاندار کیچ لے کر انہیں پویلین کی راہ دکھادی۔ چائے کے وقفے تک پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے تھے۔پہلے ٹیسٹ میں76رنز بنانے والے شان مسعود 87 رنز بنانے کے بعد اسپنر مہاراج کا دوسرا شکار بنے۔ انہوں نے سعود شکیل کے ساتھ 45 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ محمد رضوان بھی زیادہ دیر نہ ٹک سکے ، پروٹیز نے دوسری نئی گیند لیتے ہی رضوان کو 19 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ سعود اور رضوان نے پانچویں وکٹ پر35 رنز کا اضافہ کیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے مہاراج نے63 اورسائمن ہارمر نے75رنز دے کردو، دو جبکہ ربادا نے41رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔ میچ میں پاکستان تین اسپنرز کے ساتھ کھیل رہا ہے۔ حسن علی کو ڈراپ کردیا گیا۔ آصف آفریدی ٹیسٹ ڈیبیو کررہے ہیں، شاہین آفریدی نے آصف آفریدی کو ٹیسٹ کیپ دی ۔