کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویمنز ورلڈکپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقا، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ہاتھوں تین لگاتار شکستوں کے بعد سیمی فائنل تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ویمن کرکٹرز کو مردوں کے یکساں میچ فیس ملنے پر بھی سخت تنقید کا سامنا ہے۔ شائقین اس قدر برہم ہیں کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر خواتین کھلاڑیوں کو کچن میں واپس بھیجنے کا مشورہ دے دیا۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی، روہت شرما اور شبمن گل سے جتوانے اور سنچری کی توقع رکھی جاتی ہے، ویمن کرکٹرز کو بھی پھر توقعات پر پورا اترنا چاہیے۔ بھارتی ٹیم کا نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ جیتنا ہوں گے کیوں کہ چار میں سے تین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بناچکی ہیں۔ واضح رہے کہ بھارتی مرد اور خواتین کرکٹرز کو ٹیسٹ کا 15 لاکھ، ون ڈے کا 6 لاکھ جبکہ ٹی ٹوئنٹی کے 3 لاکھ بھارتی روپے ملتے ہیں۔ البتہ مینز اینڈ ویمنز کے سینٹرل کنٹریکٹ میں زمین آسمان کا فرق پایا جاتا ہے، مینز کی اے پلس کیٹیگری کو 7 کروڑ بھارتی روپے سالانہ ملتے ہیں جبکہ اے کیٹیگری کو 5 کروڑ، بی کو 3 کروڑ اور سی کیٹیگری کو ایک کروڑ روپے بھارتی روپے سالانہ ملتے ہیں۔