• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KP نے وفاق کی دی گئی بلٹ پروف گاڑیاں واپس کردیں

پشاور (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی وزیرداخلہ کی جانب سے پولیس کو دی گئیں بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنےکی ہدایت کردی۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا وفاق کی غلط پالیسی کی وجہ سے صوبے میں پھردہشت گردی آئی، وفاقی حکومت ہمیں وار آن ٹیرر کے فنڈز سمیت دیگر آئینی حقوق نہیں دے رہی ہے، خیبرپختونخوا میں کوئی سیاسی مقدمہ یا تھری ایم پی او کےتحت گرفتاری نہیں ہوگی،میں روایتی انداز میں کام کرنے کیلئے نہیں آیا، روایتی انداز سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا، ہم نے ایسے کام کرنے ہیں جسے عوام کو احساس ہو کہ انہوں نے صحیح تبدیلی کے لئے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیرصدارت پہلا باضابطہ اجلاس پیر کے روز وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ پر پیشرفت، امن و امان کی صورتحال اور انسداد بدعنوانی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور پولیس کے دیگر اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوےو زیر اعلی سہیل آفریدی نے کہا کہ8 فروری 2024 کو خیبر پختونخوا میں بھی عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی لیکن میں صوبے کی بیوروکریسی اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں پریشر کے باوجود صوبے کے عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ کیا، صوبے کی بیوروکریسی نے صوبے کی مخصوص روایات اور اقدار کا خیال رکھا،امید ہے وہ آئندہ بھی صوبے کے روایات کو برقرار رکھیں گے۔ وزیر اعلی کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بعض سرکاری لوگوں نے پریشر برداشت نہیں کئے اور عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ نہیں کیا، جن لوگوں نے عوام کا ساتھ نہیں دیا ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی، چیف سیکرٹری کو ہدایت کرتا ہوں ایسے تمام لوگوں کی نشاندہی کرکے ان کیخلاف سخت کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور عمران خان پارٹی کے تا حیات چیئرمین ہیں جس بھی پارٹی کی حکومت ہو اسکے ایجنڈے پر عملدرآمد سرکاری مشینری کا کام ہے، کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہماری پارٹی کا سب سے اہم ایجنڈا ہے،کسی کو بھی کسی بھی قسم کے کرپشن کی اجازت نہیں ہوگی، جو کرپشن کریگا اس کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔ وزیر اعلی نے واضح کیا کہ سرکاری ملازم اور ہم سب عوام کے خادم ہیں، ہم اپنے عہدوں پر عوام کی خدمت کیلئے بیٹھے ہیں، اگر کسی سرکاری ملازم سے عوام مطمئن نہیں ہونگے تو وہ اپنے عہدے پر نہیں رہے گا۔

اہم خبریں سے مزید