• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

95 ہزار نئے سرمایہ کار آئے، غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان اب محفوظ ملک، محمد اورنگزیب

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان اب محفوظ ملک بن چکا ہے اسٹاک مارکیٹ میں پچانوے ہزار نئے سرمایہ کار آئے ہیں ۔ اگر موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی آبادی سے نمٹا نہ گیا تو پاکستان کو تین ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا منصوبہ ناکام ہوسکتا ہے۔کچھ ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان سے جارہی ہیں تو کچھ آ بھی رہی ہیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک ‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ لوئر مڈل سیلریڈ کلاس کے لیے انکم ٹیکس میں کمی کی گئی کوشش ہوگی کہ مستقبل میں دیگر سیلریڈ کلاسز کو بھی ریلیف دیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلاب اور اسموگ کی فریکونسی بڑھتی جارہی ہے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات معیشت پر بھی پڑتے ہیں۔ سیلاب کے نقصانات سے قبل جی ڈی پی گروتھ میں اس سال 4.2 کا اندازہ تھا۔ اس سال کے سیلاب سے اَسی فیصد نقصان پنجاب میں ہوا۔ 2022 میں معاملات الگ تھے آج ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہیں ریلیف اور ریسکیو اپنے وسائل سے کرسکتے ہیں تعمیر نو کے لیے ضرورت پڑتی ہے تو ہوسکتا ہے ہم عالمی اداروں کے پاس جائیں ایک سوچ یہ بھی ہے کہ کوئی گرانٹ آتی ہے تو وہ لے لینی چاہیے قرض لے کر تو ہم نے آگے جا کر واپس ہی کرنا ہے۔ ورلڈ بینک کے سامنے پریزنٹیشن میں بتایا کہ ٹیکنالوجی سے کرپشن میں کمی ہوئی ہے۔ ورلڈ بینک نے ٹیکس اصلاحات پر ہماری پریزنٹیشن کی تعریف کی اور مصر کے وزیر خزانہ نے کہا کہ میں اپنی ٹیم آپ کے پاس بھیجتا ہوں یا آپ اپنی ٹیم بھیجیں ۔ گزشتہ سال ہول سیل اور ریٹیلرز سے ٹیکس کلیکشن سو فیصد بڑھی ہے۔

اہم خبریں سے مزید