کراچی(اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا سے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ناکامی کے بعد پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے بابر اعظم کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہناہے کہ بابر اعظم کا فرسٹ کلاس کا تجربہ کم ہے ۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ کے دباؤ سے ہم آہنگ ہونے کیلئے مزید ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ قومی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کا فرسٹ کلاس کرکٹ کا تجربہ کم ہے۔ کھلاڑی باقاعدگی سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر ہی پریشر برداشت کرنے کا ہنر سیکھ سکتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آپ ہمارے کھلاڑیوں کو دیکھیں، جیسے بابر اعظم یا عبداللہ شفیق، دونوں نے زیادہ فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلی۔ عبداللہ نے چند میچز کھیلے ہیں اور بابر نے بھی زیادہ فرسٹ کلاس یا ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی۔ آپ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہیں تو آپ سیکھتے ہیں کہ پریشر کو کیسے سنبھالنا ہے۔ پھر جب آپ انٹرنیشنل کرکٹ میں آتے ہیں تو بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔ اگر آپ ناکام بھی ہو جائیں تو آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ واپسی کیسے کرنی ہے۔ میرے خیال میں ڈومیسٹک کرکٹ ہی بہترین حل ہے۔