کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا،جس کے ساتھ پاکستان ویمنز ٹیم کا ورلڈ کپ کا سفر اپنے اختتام کو پہنچا جس میں اسے چار میچوں میں شکست ہوئی اور تین میچز بارش کی نذر ہوئے۔ پاکستان ویمنز نے ٹورنامنٹ میں تین پوائنٹس حاصل کیے۔ جمعے کو پریما داسا اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی لیکن4.2 اوورز میں جب پاکستان کا اسکور بغیر کسی نقصان کے18 رنز تھا تو بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا۔ منیبہ علی7 اور عمیمہ سہیل 9 رنز پر ناٹ آؤٹ تھیں۔ ٹاس میں دو گھنٹے اور 45 منٹ کی تاخیر ہوئی ابتدائی بارش کے بعد جو ٹاس سے چند منٹ پہلے شروع ہو گئی تھی تھوڑی دیر رکنے پرکھیل آخرکار دوبارہ شروع ہوا تو میچ کو 34 اوورز تک محدود کر دیا گیا جس میں سے صرف 4.2 اوور ہی ممکن ہو سکا ۔ ایونٹ میں پاکستانی ٹیم ابتدائی میچوں میں ساتویں پوزیشن پر رہی، بنگلہ دیش نے آٹھویں پوزیشن اپنے نام کی۔ سیمی فائنل کے لئے آسٹریلیا، جنوبی افریقا، انگلینڈ اور بھارت نے جگہ حاصل کی،سری لنکا پانچویں نمبر پر رہا، پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹیم میں دو تبدیلی جبکہ سری لنکا نے ایک تبدیلی کی تھی۔