ملتان (سٹاف رپورٹر)ملتان میں ڈویژنل انتظامیہ نے شہریوں کے دیرینہ مطالبے پر عملی قدم اٹھاتے ہوئے کچہری میں نیا پارکنگ پلازہ فعال کردیا۔ کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر وکلاءاور شہریوں کیلئے جدید سہولتوں سے آراستہ پارکنگ پلازہ باقاعدہ طور پر فنکشنل کردیا گیا۔محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے 692 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ کچہری چوک اور ملحقہ علاقے میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔کمشنر عامر کریم خاں نے کچہری چوک اور پارکنگ پلازے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتظامات، صفائی اور ٹریفک مینجمنٹ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارکنگ پلازے کے قیام سے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو درپیش مشکلات میں واضح کمی متوقع ہے۔کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں تاکہ شہر میں نظم و ضبط قائم رکھا جا سکے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ بار کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور وکلاءکا باہمی تعاون شہری سہولتوں میں بہتری کے لیے نہایت اہم ہے۔دورے کے موقع پر سی پی او ملتان صادق ڈوگر، ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور صدر ڈسٹرکٹ بار جاوید علی ڈوگر بھی موجود تھے۔