اسلام آباد(ممتازعلوی )تحریک انصاف کے سابق رہنماءشیر افضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت، اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے درمیان گزشتہ سال 25نومبر کو ایک ’’ڈیل‘‘ طے پا گئی تھی مگر رینجرز واقعے کے بعد سب کچھ ختم ہو گیا‘یہ ایک ڈیل تھی جس کے تحت عمران خان کو اگلی صبح رہا کیا جانا تھا۔ایک نجی ٹی وی شو میں شیر افضل مروت کا کہناتھاکہ مذاکرات 3نومبر کو شروع ہوئے تھے‘ اس کے لیے چار رکنی کمیٹی بنی تھی جس میں علی امین گنڈاپور، بیرسٹر گوہر، محسن نقوی اور رانا ثناء اللہ شامل تھے، بعد میں ایک موقع پر میں بھی شامل ہو گیا۔ شیرافضل مروت کے مطابق حکومت، اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کے درمیان کچھ باتوں پر اتفاق ہو گیا تھا جن میں عمران خان کی رہائی بھی شامل تھی۔وزیرداخلہ نے بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر سیف کو اپنا طیارہ دیا تاکہ وہ مزید وضاحت کے لیے ملاقاتیں کر سکیں۔