بریڈفورڈ سٹی ہال کے کونسل چیمبر میں یونائیٹڈ فار کشمیر کے زیرِ اہتمام یوم کشمیر کے موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کا یومِ تاسیس منایا گیا۔
تقریب کا مرکزی مقصد کشمیری عوام کے حقوق، امن اور اتحاد کے موضوعات پر توجہ دینا تھا۔
تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی، جن میں اینا ڈیکسن (ممبر پارلیمنٹ شپلی)، کونسلر میٹ ایڈورڈ، سوسن ہنچکلف (کونسل کی لیڈر)، سابق لارڈ میئر محمد عجیب، کونسلر رضوانہ جمیل، ارشد برکی، طیب کمال پاشا، محمد حلیم مغل، چوہدری منظور اور دیگر شامل تھے۔
تقریب سے قبل، سٹی ہال کے باہر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں لارڈ میئر بریڈفورڈ کونسلر محمد شفیق اور بریڈفورڈ ویسٹ کی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ ایم پی شریک ہوئے۔
مقررین نے اپنی تقاریر میں کشمیر کے مسائل، انسانی حقوق کی پامالی اور برادریوں کے درمیان اتحاد پر زور دیا۔
اینا ڈیکسن ایم پی نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور عالمی برادری کو اس معاملے پر عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
گرین پارٹی کے کونسلر میٹ ایڈورڈز اور بریڈفورڈ کونسل کی لیڈر سوسن ہنچکلف نے کہا کہ مقامی کونسل کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتی ہے اور حقوق انسانی کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
تقریب کے شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ کشمیری عوام کے انسانی حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہماری مشترکہ ذمے داری ہے، امن، اتحاد اور خودارادیت کے اصولوں پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ناقابل قبول ہے اور کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرنا جاری رہے گا۔