کراچی(سٹاف رپورٹر)جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد ٹی ٹوئینٹی کی پنجہ آزمائی اورایک اور کڑے امتحان کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کی جانچ پڑتال ہفتے کو پنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے ساتھ شروع کردی، کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں اپنی خامیوں کا جائزہ لیا،جس میں بہتری کے لئے کوچنگ اسٹاف نے ٹپس دیں،اتوار کو ہیڈ کوچ مائیک ہیسن پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔پہلا میچ منگل کو پنڈی میں کھیلا جائے گا۔پہلے ٹی ٹونٹی سے قبل ہفتے کو پاکستانی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ نے فیلڈنگ سیشن میں حصہ لیا۔ 26 اور 27 اکتوبر کو دونوں ٹیمیں شام کو پریکٹس سیشن کریں گی27 اکتوبر کو دونوں ٹیموں کے کپتان پری سیریز پریس کانفرنس کریں گےتمام پریکٹس سیشن راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول کیے گئے ہیں۔ڈیوڈ ملر پاکستان میں جنوبی افریقا کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں، جب کہ فاسٹ بولر جیرالڈ کوٹزی انجری کے باعث دورے کے پورے وائٹ بال لیگ سے باہر ہو گئے ہیں۔ٹی ٹوئنٹی میں ملرکواسٹینڈ ان کپتان مقرر کیا گیا تھا جس میں باقاعدہ کپتان ایڈن مارکرم کو آرام دیا گیا تھا، لیکن بدھ کو کیے گئے اسکین میں اس بات کی تصدیق ہونے کے بعد کہ انھیں ٹور کی تیاری میں ٹریننگ کے دوران گریڈ 1 کے دائیں ہیمسٹرنگ کے تناؤ کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس کے بعد انھیں ٹیم سے ہٹا دیا گیا ہے۔ کرکٹ جنوبی افریقا کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر ڈونووین فریرا ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ فریرا نے حال ہی میں نمیبیا کے خلاف واحد ٹی ٹوئینٹی میں جنوبی افریقا کی قیادت کی تھی، جس میں جنوبی افریقا کو چار وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔