واشنگٹن (جنگ نیوز) بھارت کا ٹاٹا گروپ اسرائیل کے نسل کُشی نظام اور فلسطینی قبضے میں شریک ، رپورٹ کے مطابق گروپ اسرائیلی فوجی جارحیت، نگرانی اور فلسطینیوں کی جلاوطنی میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔ ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز سے اسرائیلی فضائیہ کو ایف 16اور اپاچی ہیلی کاپٹروں کے پرزے فراہم کیے جاتے ہیں۔ کمپنی اپنے کرتوت خیراتی سرگرمیوں سے چھپا رہی ہے، نیویارک میراتھن اسپانسرشپ اسپورٹس واشنگ قرار ،امریکا میں قائم سیاسی تنظیم سلام کی رپورٹ "Architects of Occupation" کے مطابق بھارت کا ٹاٹا گروپ اسرائیل کے فلسطین پر قبضے، نگرانی کے نظام، اور غزہ میں جاری نسل کشی میں براہِ راست شریک ہے۔ ٹی آرٹی ورلڈ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹاٹا کی ذیلی کمپنی ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز لمیٹڈ (TASL) اسرائیلی فضائیہ کو ایف16لڑاکا طیاروں کے پر، اپاچی ہیلی کاپٹروں کے ڈھانچے، اور باراک 8 میزائل کے کمانڈ سسٹمز فراہم کرتی ہے۔ ٹاٹا موٹرز کی تیار کردہ گاڑیاں مغربی کنارے میں اسرائیلی افواج استعمال کرتی ہیں، جبکہ ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز (TCS) اسرائیلی مالیاتی و سرکاری اداروں کو ڈیجیٹل انفراسٹرکچر فراہم کرتی ہے، جن میں پروجیکٹ نمبس بھی شامل ہے جو فلسطینیوں کی نگرانی کیلئے استعمال ہوتا ہے۔