کراچی (عبدالماجد بھٹی) ایشیا کپ میں بھارت کے ہاتھوں فائنل سمیت تین میچوں میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم سے فخر زمان، حارث رئوف اور صفیان مقیم کو ڈراپ کرکے ایک بار پھر بابر اعظم پر انحصار کیا جارہا ہے ان سے میچ وننگ کارکردگی کی توقع ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز منگل سے شروع ہورہی ہے۔ عثمان خان وکٹ کیپنگ کریں گے جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ ، اسپنر عثمان طارق کو پہلی بار پاکستانی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رات 8 بجے راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔ مائیک ہیسن کے ہیڈ کوچ کا چارج سنبھالنے کے بعد سے پاکستان نے21میں سے14میچ جیتے ہیں، چھ میں شکست ہوئی۔ انہوں نے واضح کردیا کہ سابق کپتان بابراعظم تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔ فخرزمان، حارث رئوف اور محمد حارث کو ڈراپ کرنے پر ہیڈ کوچ نے کہا کہ جن کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا انہیں بہتری کیلئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھیجا ہے۔ دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی میں 24 بار آمنے سامنے آئیں اور12،12میچ جیتے ہیں۔ پاکستان میں کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں میزبان ٹیم دو بار جب کہ جنوبی افریقانے ایک بار فتح حاصل کی ہے۔ کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس پرجوش ٹیم موجود ہے۔ چند کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے اور چند ایک نئے چہرے اس میں شامل ہیں۔ امید ہے کہ یہ اچھی سیریز ہوگی۔ ہم لمبے وقت کیلئے اپنے منصوبوں پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔ یہ ایک زبردست ٹیم ہے جو کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جنوبی افریقا بہت اچھی ٹیم ہے،میں اچھی سیریز کی توقع رکھے ہوئے ہوں ۔ واضح رہے کہ آف اسپنر عثمان طارق نے حالیہ کیربیئن لیگ میں ٹرینباگو کیلئے 20 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ بابراعظم نے آخری بار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل گزشتہ سال دسمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین ، نسیم شاہ نے گزشتہ جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی جبکہ عثمان خان اسی سال مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں کھیلا تھا۔ پاکستان اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سلمان علی آغا ( کپتان )، بابراعظم ،صاحبزادہ فرحان ، صائم ایوب، حسن نواز ، محمد نواز،عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، محمد وسیم جونیئر، شاہین آفریدی، نسیم شاہ ، سلمان مرزا، عثمان خان ( وکٹ کیپر ) اور عثمان طارق ۔