• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور بنگلہ دیش کا دفاعی اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد ( طاہر خلیل )پاکستان اور بنگلہ دیش نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آفس اسٹاف کمیٹی نے بنگلادیش کا سرکاری دورہ کیا‘جنرل ساحر شمشاد نے چیف ایڈوائزر محمد یونس اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں‘دونوں ممالک کے درمیان عالمی اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلادیشی بحریہ و فضائیہ کے سربراہان اور پرنسپل اسٹاف آفیسر آرمڈ فورسز ڈویژن سے ملاقاتیں کیں، انہوں نے پاک بنگلا دیش دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا ، دوطرفہ تعلقات کو خودمختاری ، مساوات اور باہمی احترام کی بنیاد پر مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ، دفاعی اور سکیورٹی تعاون ، فوجی روابط اور مشترکہ اقدامات بڑھانے کا عزم دہرایا ۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سلہٹ میں سکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کا بھی دورہ کیا۔ وہ فیکلٹی ممبران اور طلبہ سے بھی ملے، بنگلادیش کی عسکری و سول قیادت نے پاک فوج کے پیشہ ورانہ معیار کو سراہا ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کارناموں اور قربانیوں کی بھی تعریف کی،سناکونجو پہنچنے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آفس اسٹاف کمیٹی کو چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ، جنرل ساحر شمشاد مرزا نے شکھا انربان پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی، بنگلہ دیش کے سرکاری دورے کے دوران بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کے علاوہ بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد نظم الحسن، چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل حسن محمود خان اور بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل سٹاف آفیسر (پی ایس او) لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم کمر الحسن سے ملاقات کی۔ دونوں اطراف نے دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو بہتر بنانے کے بارے میں امید کا اظہار کیا اور ملٹری ٹو ملٹری مصروفیات اور متعلقہ اقدامات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اہم خبریں سے مزید