کراچی (نیوز ڈیسک) محمد یونس کا جنرل ساحر شمشاد کو گریٹر بنگلہ دیش دکھانے والا تحفہ، بھارت میں ہنگامہ مچ گیا، نقشے میں بھارتی ریاستوں مغربی بنگال، بہار اور اوڈیسہ کو "گریٹر بنگلہ دیش" کا حصہ ظاہر کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ڈھاکہ میں جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کے دوران بنگلہ دیش کے عبوری سربراہِ حکومت محمد یونس نے ایک ایسی کتاب تحفے میں دی جس کے سرورق پر "گریٹر بنگلہ دیش" کا نقشہ موجود تھا۔ اس نقشے میں بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں، مغربی بنگال، بہار اور اوڈیشہ کو بنگلہ دیش کا حصہ دکھایا گیا ہے۔ یہ تصور دراصل ڈھاکہ میں قائم ایک تنظیم "سلطنتِ بنگلہ" کی جانب سے پیش کیا گیا ہے جسے ترک این جی اوز کی حمایت حاصل ہے۔ بھارت میں اس اقدام پر شدید ردعمل ظاہر کیا گیا ہے اور اسے نئی سفارتی کشیدگی کا باعث قرار دیا جا رہا ہے۔ بھارتی پارلیمنٹ میں بھی اس نقشے پر پہلے اعتراض اٹھایا جا چکا ہے۔