کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں میزبان نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ استنبول میں پاک افغان مذاکرات تیسرے دن بھی جاری ہے مگر اب تک کوئی ٹھوس نتیجہ نہیں آیا ہے،سینئر صحافی اور تجزیہ کارکامران یوسف نے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ فریقین کے درمیان خلاء بہت زیادہ ہے ،صحافی انس ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں تاخیر اس لیے ہو رہی ہے کہ افغان وفد بار بار کابل سے رابطہ کرتے ہیں اور پھر فیصلہ کرتے ہیں ۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ استنبول میں پاک افغان مذاکرات تیسرے دن بھی جاری ہے مگر اب تک کوئی ٹھوس نتیجہ نہیں آیا ہے۔ دن میں جب مذاکرات شروع ہوئے تو نمائندہ جیو نیوز نوین زہرا کی خبر سامنے آئی کہ پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور منفی اور بیرونی اثرات کے باوجود پاکستان اور دوست ممالک سنجیدگی سے بات چیت آگے بڑھانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ دوسری طرف افغان میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ پاک افغان مذکرات میں زیادہ تر معاملات طے پاچکے ہیں افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کی خبر کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ چند معاملات پر آج حتمی فیصلہ ہونے کی توقع ہے مذاکرات کے اختتام پر ایک مشترکہ بیان جاری کیے جانے کا امکان ہے جس میں جنگ بندی میں توسیع راستوں کو دوبارہ کھولنا شامل ہے اور ذبیح اللہ مجاہد نے طلوع نیوز سے بات کرتے ہوئے مذاکرات کو ایک مثبت قدم قرار دیا اور کہا کہ نتائج کے منتظر ہیں اور اگر کوئی فریق افغانستان پر حملہ کرتا ہے تو اس کا جواب دیا جائے گا۔