• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ٹی 20، بولرز کے حملے کے بعد بیٹرز کا فائر ورک، پاکستان کامیاب

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیریز کے پہلے میچ میں شکست کے بعد پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں جارحانہ واپسی کی ۔فاسٹ بولرز فہیم اشرف اور سلمان مرزا کے حملوں کے بعد بیٹرز کے فائر ورک نے پاکستان کو فتح دلادی ۔ قذافی اسٹیڈیم میں یکطرفہ مقابلے میں گرین شرٹس نے پروٹیز کو صرف 110 رنز پر محدود کر دیا، جس کے بعد اوپنر صائم ایوب نے 38 گیندوں پر 71 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی ، ہوم ٹیم نے ہدف 13.1 اوورز میں حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ فیصلہ کن تیسرا میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی شب پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ پاکستان نے شاہین شاہ آفریدی کی جگہ سلمان مرزا کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا، انہوں نے فیصلہ درست ثابت کردیا۔ جنوبی افریقی اوپنر ریزا ہنڈریکس اننگز کی دوسری ہی گیند پر سلمان مرزا کی شاندار اندر آتی ہوئی گیند کو سمجھ نہ سکے اور کلین بولڈ ہو گئے، ڈی کاک اور ٹونی ڈی زورزی 7،7 ، میتھیو بریٹزکے 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پروٹیز کی پانچویں وکٹ 49 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوالڈ بریوس 25رنز بنا کر چلتے بنے۔ کپتان ڈونووان فریرا 15، جارج لنڈسے اور ناندرے برگر 9، 9 رنز جبکہ اوٹنیل بارٹ مین 12 رنزبنا کر پویلین لوٹ گئے۔ فاسٹ بولر فہیم اشرف نے 4، سلمان مرزا 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، نسیم شاہ نے 2 جبکہ ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ٹاس کے موقع پر کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا گیا ہے۔ پاکستان نے ہدف اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 112رنز بناکر پورا کرلیا، صاحب زادہ فرحان23گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے28رنزبناکر آؤٹ ہوئے،اوپنر صائم ایوب نے خوبصورت اور ذمے دارانہ اننگز کھیلی وہ 38گیندوںپرچھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے71اور بابر اعظم نے 11رنز بنائے دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔

اسپورٹس سے مزید