پشاور (خصوصی نامہ نگار) اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اساتذہ کے درمیان سپورٹس گالا کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر اسلامیہ کالج پشاور پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمن سلجوقی تھے جنہوں نے ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔صدر ٹی ایس اے ڈاکٹر دلنواز خان اور نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد عادل نے وائس چانسلر کو خوش آمدید کہا اور گلدستہ پیش کیا۔وائس چانسلر نے مین کرکٹ گراؤنڈ میں مرد اساتذہ کے مقابلوں اور شعبہ نفسیات میں خواتین سٹاف ممبران کے ایونٹس بھی دیکھے۔ افتتاحی روز سائنس فیکلٹی اور آرٹس فیکلٹی کے درمیان کرکٹ، رسہ کشی اور فٹسال کے میچ کھیلے گئے۔ ایونٹس کے اگلے مرحلے میں 45 سال سے کم عمر اساتذہ کے لئے 400میٹر دوڑ اور 45سال سے زائد عمر کے لئے 100 میٹر دوڑ کا انعقاد کیا جائے گا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمن سلجوقی نے اس موقع پر کہا کہ طلبہ اپنے اساتذہ کرام کو میدان میں کھیلتے دیکھ کر بے حد خوش ہیں، ایسے ایونٹس نہ صرف جسمانی صحت کے لئے مفید ہیں بلکہ تدریسی ماحول میں توانائی اور باہمی ہم آہنگی بھی پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں تعلیمی اداروں میں مثبت توانائی کا باعث بنتی ہیں۔