• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت کا 9 مئی کے کیسز اے ٹی سی راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ

لاہور(آصف محمود بٹ ) محکمہ داخلہ پنجاب نے 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق راولپنڈی کی 11مقدمات (ایف آئی آرز) کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی میں کرنے کا حکم دے دیا ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران احمد خان نیازی کی عدالت میں حاضری اڈیالہ جیل، راولپنڈی سے ویڈیو لنک کے ذریعے کرانے کی منظوری دے دی گئی ہے، تاکہ اُن کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ سابق احکامات منسوخ،11 ایف آئی آرزکی سماعت  یکجا ’’جنگ‘‘ کو ملنے والے دستاویزات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے اپنے تین سابقہ احکامات (21 جون 2023، 4 اکتوبر 2023 اور 26 نومبر 2024) کو منسوخ کرتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997کی دفعات 15(2) اور 21(2) (ب) کے تحت مقدمات کی جگہِ سماعت اور سکیورٹی کا طریقِ کار واضح کر دیا۔ محکمہ داخلہ کے حکم نامے میں ایڈووکیٹ جنرل و پراسیکیوٹر جنرل پنجاب، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ، جج اے ٹی سی راولپنڈی، آئی جی پولیس و آئی جی جیل خانہ جات پنجاب، ڈپٹی کمشنر و سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سمیت متعلقہ حکام کو فی الفور عمل درآمد کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس دوران دیگر متعلقہ 9 مئی کے مقدمات میں بھی مختلف فورمز پر ویڈیو لنک پیشیوں کی ہدایات سامنے آتی رہی ہیں، جنہیں بعض اوقات دفاعی فریقین نے شفافیت کے نکات کی بنیاد پر چیلنج بھی کیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید