اسلام آباد(نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان سائنس دانوں اور محققین کے ہاتھ میں ہے۔ ملک کی ترقی جدید تحقیق، اختراع اور ٹیکنالوجی کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو سائنسی تعلیم، تربیت اور تحقیقی مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔یہ بات انہوں نے نیشنل سینٹر فار فزکس (این سی پی) اسلام آباد میں منعقدہ پانچ روزہ 19ویں بین الاقوامی سمپوزیم برائے جدید موادکی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اپنے خطاب میں خالد مگسی نے کہا کہ نوجوان محققین کو جدید علم، عملی تربیت اور سائنسی تحقیق کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ عالمی سائنسی چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔ انہوں نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل سیکھنے اور جدت نے اسے ٹیکنالوجی میں عالمی رہنما بنایا۔ ڈاکٹر سید خالد محمود شاہ، سائنٹیفک سیکرٹری نے بتایا کہ سمپوزیم کے دوران 60 زبانی اور 100 پوسٹر پریزنٹیشنز پیش کی گئیں جن میں جدید مواد، مصنوعی ذہانت، نینو ٹیکنالوجی، نئی توانائی کے ذرائع اور بایومیٹریلز جیسے موضوعات شامل تھے۔ اس موقع پر "RISE 2025" کے عنوان سے ایک ٹیکنالوجی نمائش بھی منعقد ہوئی جس میں قومی و بین الاقوامی اداروں نے اپنی تحقیقی و صنعتی کامیابیاں پیش کیں۔