• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت سے سکھ یاتری کل واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے

اسلام آباد( نیو ز رپورٹر) بھارت سے سکھ یاتری کل واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے،متروکہ وقف املاک بورڈ،وزارت مذہبی امور  کے زیر انتظام بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات کو حتمی شکل دیدی گئی، متروکہ وقف املاک بورڈ وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن (گرپورب )کی تقریبات کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بھارت سے سکھ یاتری کل4 نومبر کو براستہ واہگہ بارڈر پاکستان پہنچیں گے۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کے مطابق یاتریوں کی رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، صفائی ستھرائی اور صحت کی سہولیات سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی مشاورت سے گوردواروں میں تمام سہولیات کو فعال کر دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے مزید بتایا کہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی خصوصی ہدایات پر بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے ہزاروں سکھ یاتریوں کو پہلے سے بھی زیادہ عزت، احترام اور مہمان نوازی کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید