• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا ون ڈے پاکستان کے نام، قیادت کھونے والے رضوان کا نئے کپتان کو جیت کا تحفہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہین آفریدی کی کپتانی میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلا ون ڈے انٹر نیشنل سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹ سے جیت لیا ،قیادت کھونے والے رضوان نے نئے کپتان شاہین کو جیت کا تحفہ دیا۔میچ کا فیصلہ دو گیند پہلے ہوا۔17 سال فیصل آباد میں ہونے والا انٹر نیشنل میچ دیکھنے 15ہزار تماشائی اسٹیڈیم میں آئے۔ اس گرائونڈ پر ون ڈے میں کسی ٹیم نے پہلی بار اتنا بڑا ہدف عبور کیا ہے۔ شاہین چار رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستانی ون ڈے کی کپتانی سے محروم ہونے کے بعد محمد رضوان نے ثابت کردیا کہ وہ ٹیم مین ہیں اور کارکردگی دکھانے کے لئے قیادت کا تاج سر پر سجانا ضروری نہیں ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا نے ان کے ساتھ مل کر طوفان میں پھنسی کشتی کو نکالا۔دونوں نے111گیندوں پر91رنز کی پاٹنرشپ قائم کی ۔سلمان علی آغانے71 گیندوں پر62 رنز بناکر آئوٹ ہوئے اس وقت پاکستان جیت سے12رنز دور تھا۔33 سالہ رضوان 74گیندوں پر55، حسین طلعت 25 گیندوں پر22 اورحسن نواز غیر ذمے داری سے ایک رن بناکر اسٹمپڈ ہوگئے۔ محمد نواز نے9رنز بنائے۔ صائم ایوب اور فخر زمان نے 87رنز کا آغاز فراہم کیا۔ صائم39رنز بناکر فریرا کا شکار بنے۔ انہوں نے42گیندوں پر ایک چھکا اورچار چوکے مارے۔ ڈومیسٹک کرکٹ سے واپس آنے والے فخر زمان نے57گیندوں پر43 رنز دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے اسکور کئے۔ بابر اعظم نے کریز پر آکر ایک پراعتماد چوکا مارا لیکن اسپنرز کے خلاف ان کی مشکل کم نہ ہوسکی۔ وہ 12گیندوں پر سات رنز بناکر فورچین کی نیچے رہتی گیند ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ بابر کے آوٹ ہوتے ہی گرائونڈ میں سناٹا چھا گیا اور کئی تماشائی گھروں کو روانہ ہوگئے۔105 رنز پر تین وکٹ گرگئے تھے۔ محمد رضوان نے 95ویں میچ میں17نصف سنچری 67گیندوں پر مکمل کی۔ سلمان نے ساتویں نصف سنچری56گیندوں پر بنائی۔ قبل ازیں شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی اور 49.1 اوور میں 263 رنز پر آئوٹ کردیا۔ ریٹائر منٹ واپس لینے والے کوئنٹن ڈی کوک نے71گیندوں پر دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 63 ، پہلا ون ڈے کھیلنے والے لوان ڈرے پریٹوریئس 57 نے رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اورسات چوکے شامل تھے۔ دونوں نے پہلی وکٹ پر98رنز کا اضافہ کیا۔ ڈی کوک نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ زورزی 18 رنز بناکر صائم ایوب کی بولنگ پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔ پروٹیز کپتان میتھیو بریٹزکے نے 42 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیبیو کرنے والے سینیتمبا قیشیلے 22 ، ڈونووین فریرا 3، جارج لینڈے 2، رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کاربن بوش نے 41 رنز40گیندوں پر چھ چوکےلگاکر بنائے۔ نسیم شاہ نے40 اور ابرار احمد نے 53 رنز دے کر تین ،تین وکٹ لیے ۔ ابرار نے دو گیندوں پر دو وکٹ حاصل کئے اور وہ ہیٹ ٹرک بھی کرلی لیکن بیٹر ریویو پر ناٹ آئوٹ قرار دیئے گئے۔ صائم ایوب نے39رنز کے عوض دو ، شاہین شاہ نے55 اور محمد نواز نے45رنز دے کر ایک ایک وکٹ لی۔

اسپورٹس سے مزید