اسلام آباد( رپورٹ:،رانا مسعود حسین ) سپریم کورٹ نے حق مہر اورنان و نفقہ کی عدم ادائیگی سے متعلق ایک مقدمہ کی سماعت کے دوران خاوند کو فوری طور پر حق مہر کا20 تولے سونا اور 2 لاکھ روپے نقد ادائیگی کا حکم جاری کردیا ،چیف جسٹس نے کہا کہمتاثرہ خاتون کا کچھ تو خیال کریں،جب نکاح نامہ میں درج ہے تو پھر ادائیگی میں تاخیر کیوں کی جا رہی ہے ، چیف جسٹس یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے بیوی شبینہ کو 20 تولہ سونا اور 2 لاکھ روپے نقد ادائیگی کے حکمنامہ کے خلاف ا ن کے خاوند آفتاب اقبال کی اپیل کی سماعت کی تو اپیل گزار کی وکیل نے عدم ادائیگی کے حوالے سے موقف اختیار کیا کہ میرے موکل نے تاحال اپنی اہلیہ کو طلاق نہیں دی جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ یہ ایک الگ معاملہ ہے، فی الحال نان و نفقہ کی ادائیگی ضروری ہے۔