کراچی(اسٹاف رپورٹر) سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود جنجال گوٹھ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے 55 سالہ سمیع اللہ باجوڑی کو قتل کردیا اور فرار ہو گئے،مقتول کی لاش کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا،پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہےکہ مقتول اپنے گھر میں قائم بیٹھک میں قرآن پاک کی تلاوت کر رہا تھا کہ اس دوران دو نامعلوم ملزمان بیٹھک میں گھس کر مقتول کو تین گولیاں مار کر فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق مقتول اے این پی کا علاقائی صدر تھا اور اس پر پہلے بھی حملہ ہوچکاہے،پولیس کو مقتول کے اہلخانہ و رشتہ داروں نے بتایا کہ ہماری دشمنیاں چل رہی ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ کس نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔ورثاء کا کہنا ہے کہ وہ نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروائیں گے،دریں اثنا گلستان جوہر گل چوک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 26سالہ مصور خان زخمی ہوگیا ،پولیس نے بتایا کہ زخمی تندور والا ،اس کا سبزی فروش سے جھگڑا ہوا تھا ، ملزم کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا ہے، سہراب گوٹھ پل پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ عرفان ولد غلام محمد زخمی ہوگیا ،پولیس کے مطابق زخمی نوجوان رکشا ڈرائیور ہے ، عقب سے موٹرسائیکل پرآنے والے ملزمان نے اس پر فائرنگ کی اور فرارہو گئے،ملیر سٹی گونگا گوٹھ کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 16 سالہ عثمان ولد شاعر علی زخمی ہو گیا ،پولیس کے مطابق واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا ،شاہ فیصل صائمہ سوسائٹی عرفانی گوٹھ کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 25 سالہ علی حسن ولد زوہرے خان زخمی ہو گیا ۔