کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، آیت اللہ خامنہ ای دنیا کے حریت پسندوں کے ہیرو، سلام پیش کرتے ہیں،مسئلہ فلسطین کو دبایا نہیں جا سکتا، شہادت سے ہمارے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔آیت اللہ خامنہ ای نے اہل فلسطین و غزہ کیلئے اپنی جان قربان کر دی،فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے،ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے سابق امیر سینیٹر سراج الحق اور دیگرمقرررین نے فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام یکجہتی فلسطین کانفرنس اور تصویری نمائش کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب کا انعقاد آرٹس کونسل کراچی میں ہوا جس میں مختلف آرٹس جامعات سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ بھی شریک ہوئے اور اپنے فن کے ذریعہ مسئلہ فلسطین کو ثقافتی انداز میں اجاگر کیا،مقررین نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے امام حسین ؑکی سنت ادا کر دی، اپنے اہل و عیال کے ساتھ شہید ہو گئے ، ذلت قبول نہیں کی،انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کو کھل کر ایران کی حمایت اور امریکی جارحیت پر مزمت کرنی چاہئیے، مقررین کاکہنا تھا کہ ایران پر امریکی حملوں میں 80 معصوم بچیوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔