اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نےکہا ہے کہ پاکستان کے مستقبل کے لیے پانی کی حفاظت بہت ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے حکومتی اداروں، سائنسی برادری، مارکیٹوں اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان جدت پر مبنی، پائیدار حل کے لیے متعلقہ اداروں کے مابین قریبی تعاون نہایت ضروری ہے،پاکستان واٹر ویک-2025 کے سلسلے میں جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں، سردار طاہر محمود نے خبردار کیا کہ پاکستان تیزی سے پانی کی کمی کے شکار ملک کی طرف منتقل ہو رہا ہے، ایک ایسی تبدیلی جو قومی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ ساتھ شہری کاری اور زرعی پانی کے غیر موثر استعمال نے پانی کے نظام پر بے تحاشہ دباؤ ڈالا ہے۔تشویشناک اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے، آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پاکستان کی فی کس پانی کی دستیابی تقریباً 900 کیوبک میٹر تک گر گئی ہے، جو کہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ 1000 کیوبک میٹر کی حد سے بھی نیچے ہے۔