کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا کو 7 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیتنے پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پوری قوم کو مبارکباد دی ہے، وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ ،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز ،پی سی بی کے چیئر مین محسن نقوی ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی ٹیم کو فتح پر مبارک دی ہے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نےجنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیرِ اعظم نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن رضا نقوی، کوچز اور بورڈ عہدیداران کی بھی پزیرائی کی ہے۔ وزیر اعظم نےکہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔جنوبی افریقہ کی ٹیم نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پر امید ہیں کہ آئندہ میچز میں بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم اسی طرح محنت اور شاندار کارکردگی دکھائے گی۔