اسلام آباد ( رانا غلام قادر)وفاقی کابینہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دیدی اور اسکا بھرپور خیرمقدم کیا۔ یہ منظوری ہفتہ کے روزوزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی ۔وزیراعظم نے کہا کہ آئینی ترمیمی بل کے مسودے پر صدر زرداری اور سابق وزیراعظم نوازشریف کو بھی اعتماد میں لیا۔ وزیرِ اعظم نے کابینہ اجلاس کی صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے باکو سے کی۔ وزیر اعظم نے اجلاس میں کابینہ ارکان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے اتحادی جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ کابینہ کی منظوری کے بعد وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تا رڑنے میڈیا کو ترمیم کے خدوخال پر بریفنگ دی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد ترمیم کے مسودے کوسینیٹ میں پیش کیا گیا۔وزیر اعظم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کے صوبوں کے ساتھ رشتے کی مضبوطی اور ملک کے وسیع مفاد میں 27ویں آئینی ترمیم کیلئے سب نے ملکر کوشش کی، جس کیلئے وزارت قانون و انصاف، اٹارنی جنرل اور انکی ٹیم لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم پر اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کو اعتماد میں لیا اور ان سے اس پر رہنمائی حاصل کی جس پر انکا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھی ترمیم کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور انکی رضامندی پر انکے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔