اسلام آباد(جنگ رپورٹر)آئین میں مجوزہ ستائیسویں ترمیم کے بل 2025 کا جائزہ لینے کیلئے قانون و انصاف کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹیوں کے مشترکہ بند کمرہ اجلاس بل پر غور کے بعد مزید بحث آج تک موخر ، جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے اراکین نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا،اجلاس میں بل کی تمام شقوں کی مکمل جانچ پڑتال ، بل پر وسیع اور شق بہ شق بحث اور جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ،بل پر غور ، مزید بحث آج تک موخر ، تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصا ف کا مشترکہ بند کمرہ اجلاس منعقد ہوا ،جس کی مشترکہ صدارت، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین ، سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئر مین چوہدری محمود بشیر ورک نے کی، اجلاس کی کارروائی کے دوران وسیع بحث و مباحثہ ہواجبکہ سینیٹر کامران مرتضی اور ایم این اے عالیہ کامران نے اتفاق رائے کے عمل کے دوران ان کی جماعت، جمیعت العلمائے اسلام کو اعتماد میں نہ لینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔