کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان کے ساتھ تنازع کی خبروں کومسترد کردیا ہے۔ پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی نے جنگ کو بتایا کہ طاہر زمان نے بیٹی کی شادی کے سلسلے میں ٹیم کے ساتھ نہ جانے کی درخواست کی ہے، وہ ہیڈ کوچ ہیں ، کوئی شکایت ہوئی تو ازالہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب طاہر زمان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہشادی کی مصروفیات کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ نہیں گئے، کچھ معاملات پر انہیں تحفظات ضرور ہیں۔ دوسری جانب طارق بگٹی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے لئے غیر ملکی کوچ کا منصوبہ ہے مگر مالی مسائل کی وجہ سے فوری تقرری ممکن نہیں۔اطلاعات ہیں کہ نامناسب رویہ پر ہیڈ کوچ نے بعض کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی مگر فیڈریشن نے ایکشن نہیں لیا جس کے بعد طاہر زمان نے ٹیم کے ساتھ بنگلہ دیش نہ جانے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق طاہر زمان کچھ کھلاڑیوں کے کیمپ میں تاخیر سے آنے پر ناراض ہیں، ان میں یورپ میں ہاکی لیگ کھیل کر وطن واپس آنے والے پلیئرز شامل ہیں ۔