لاڑکانہ( بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 73کے آئین اور 18 ویں ترمیم کی حفاظت کرتے ہوئے 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کرکے آئینی عدالت کے قیام کی حمایت کررہی ہے تاکہ ملک اہم اور قانونی کیسز جلد اور شفاف طریقے سے نمٹائےجا سکیں،27ویں ترمیم سے قائم ہونیوالی آئینی عدالت میں اہم قانونی معاملات کا جلد اور شفاف فیصلہ ممکن ہوگا۔ وہ پیر کی دوپہر پولیس ٹریننگ اسکول لاڑکانہ میں گندم کے کاشتکاروں میں یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی رقوم کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر محمد بخش مہر، سابق وزیراعلی قائم علی شاہ، نثار کھوڑو اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کسانوں کو یہ رقوم آئندہ بھی بے نظیر ہاری کارڈ کے ذریعے تقسیم کی جائیں گی اس لئے سندھ کے تمام کاشتکار بینظیر ہاری کارڈ حاصل کر لیں ۔ آئی ایم ایف کے دباؤ پر کسانوں کو گندم کی سپورٹ پرائس نہیں دی جا سکی تاہم میں وزیر اعظم شہباز شریف کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ہمارے مطالبے پر ملک بھر میں زرعی ایمرجنسی نافذ کی اور آئی ایم ایف سے بات کرکے گندم کے کاشتکاروں کے لئے تین ہزار پانچ سو روپئے کی امدادی قیمت مقرر کی۔