کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک “ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما جے یو آئی سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہاہے کہ ستائیسویں ترمیم سے چھبیسویں ترمیم ریورس ہوگئی ہے،وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ہماری خواہش نہیں ہے یہ پاکستان کو چلانے کی ضرورت ہے،رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا کہ کوئی پراپر بلدیاتی نظام نہیں بنانا چاہتا،اس معاملے پر نون لیگ اور پیپلز پارٹی میں لڑائی ہوگی۔ میزبان حامد میر نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں انٹرنیشنل ایونٹ ہو رہا تھا بین الاپارلیمانی اسپیکر کانفرنس ہو رہی تھی جس میں ایک سو ممالک کے مہمان موجود تھے اور اس صورتحال میں حملہ ہوا اور آج سری لنکا کی ٹیم راولپنڈی میں میچ کھیل رہی تھی اور اسلا آباد میں حملہ ہوگیا پاکستان میں دہشت گردی کی ایک نئی لہر شروع ہوئی ہے اور عام پاکستانی یہی سوال کر رہے ہیں کہ کیا حکومت اور اپوزیشن اس معاملے پر دہشت گردی کے خلاف مل کر مقابلے کرنے کو تیا رہیں یا نہیں ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا ہے پاکستان کے تمام شہروں میں تھریٹ موجود ہے ۔