• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملیر میں شوہر نے بیوی کو قتل کرکے مبینہ خودکشی کرلی، مختلف علاقوں سے 3 افراد کی لاشیں ملیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملیر میں شوہر نے بیوی کو قتل کرکے مبینہ خود کشی کرلی ، مختلف علاقوں سے 3افراد کی لاشیں ملیں ،تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی تھانے کی حدود برہانی ٹاؤن نزد کے ڈی اے چوک میں واقع گھر سے بدھ کی صبح میاں بیوی کی لاشیں ملیں ، پولیس اور ریسکیو ادارے کے رضاکار وں نے دونوں لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی شناخت 35 سالہ ذیشان ولد ہارون اور 30 سالہ ثناء زوجہ ذیشان کے نام سے کی گئی،ایس ایچ او عدیل احمد شاہ نے بتایا کہ خاتون کی لاش گراؤنڈ فلور میں واقع کمرے کے بیڈ سے ملی جبکہ مرد کی لاش گھر کی بالائی منزل پر پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی،انہوں نے بتایا کہ دونوں کی شادی کو 8 سے 10 سال ہوئے ہیں، اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا،شوہر نے پہلے بیوی کو گلا دبا کر قتل کیا اور پھر پنکھے سے پھندا لگا کر خودکشی کر لی، متوفیان کے تین بچے ہیں جو واقعہ کے وقت گھر میں الگ کمرے میں موجود تھے، متوفی ذیشان کسی فیکٹری میں جبکہ بیوی کسی اور جگہ ملازمت کرتی تھی،ایس ایچ او نے بتایا کہ ذیشان نے بدھ کی صبح باہر سے ناشتا منگواکر بچوں کو ناشتا کروایا اور ان سے کہا کہ والدہ کی طبعیت خراب ہے وہ وہ سورہی ہیں اور انھیں نہیں اٹھانا،دوسری جانب متوفین کے رشتہ داروں نے بتایا کہ ذیشان کی 15 سال قبل ثناء سے شادی ہوئی تھی وہ کافی عرصے سے بے روزگار تھا جس کے باعث میاں بیوی کے درمیان جھگڑے ہوتے رہتے تھے، علاوہ ازیں نارتھ ناظم آباد بلاک K فاروق اعظم مسجد کے قریب رہائشی اپارٹمنٹ سے 18 سالہ رافع ولد ظہور کی لاش ملی جسے اسپتال منتقل کیا گیا ،،ایس ایچ او شارع نور جہاں نے بتایا کہ متوفی سہراب گوٹھ کا رہائشی ، نارتھ ناظم آباد میں گوشت کی دکان پر کام کرتا تھا ،کام پر آتے ہوئے اسے اچانک دل کا دورہ پڑا جس سے اسکی موت واقع ہوئی لاش اپارٹمنٹ کے قریب سے ملی، چھیپا حکام کے مطابق نوجوان کی لاش فلیٹ سے ملی تھی، دریں ا ثنا نیٹی جیٹی پل پورٹ گرینڈ کے قریب سمندر سے 25 سالہ عبدالوحید ولد سکندر کی ڈوبی ہوئی لاش برآمد ہوئی جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا،پولیس نے بتایا کہ متوفی مواچھ گوٹھ کا رہائشی تھا اور گمشدگی کی رپورٹ 10نومبر کو موچکو تھانے میں اس کے اہلخانہ کی جانب سے کرائی گئی تھی،متوفی کے ورثاء کے مطابق متوفی ذہنی طور پر کمزور تھا،ڈاکس تھانے کی حدود مائی کلاچی روڈ جنگل سائیڈ سے 60 سالہ فیض محمد ولد محمد اعظم کی لاش ملی ہے جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا،متوفی کے پاس سے ملنے والے شناختی کارڈ پر اس کا عارضی پتہ ٹھٹھہ جبکہ مستقل پتہ تحصیل خاران کا درج ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید