• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کچہری اور وانا کیڈٹ کالج پر حملے قابل مذمت، مذہبی و سیاسی رہنماء

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اسلام آباد کچہری میں خودکش حملے اور وانا کیڈٹ کالج پر فتنۂ الخوارج کے دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معصوم شہریوں، وکلاء اور نوجوان طلبہ پر حملے انسانیت کی تذلیل اور اسلام دشمنی کے مترادف ہیں، دہشت گردی کسی بھی شکل میں قبول نہیں کی جائے گی،اسلام بے گناہوں کے قتل کو سنگین جرم قرار دیتا ہے،سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کچہری میں خود کش دھماکہ کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں،دہشتگردوں کو عبرت کانشان بناکر ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے،شہیدؤں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں،پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) ضلع جنوبی کے صدر و چیئرمین جیلانی ویلفیئر ایسوسی ایشن پیر سید محمد خرم شاہ جیلانی نے اسلام آباد کے جی الیون کچہری کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بزدلانہ کارروائی ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی سازش ہے، انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے،پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کیڈٹ کالج پر ہونے والے بزدلانہ اور سفاکانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم طلبہ اور اساتذہ پر حملہ قومی سانحہ ہے، سلطنت کے ستونوں کو دشمن سے یکجان ہو کر نمٹنے کے لئے سر جوڑ کر بیٹھنے کی ضرورت ہے،ملک دشمن عناصر اور صفوں میں موجود غداروں کو نشان عبرت بنا دیا جائے، عوام فوج کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے، قوم کو مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید