کراچی (اسٹاف رپورٹر) مبینہ پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کی حقیقت عدالت میں کھل کر سامنے آگئی ، سانگھڑ کی رہائشی لڑکی نے اغواء کے بعد جبری شادی کرنے کا بیان دیدیا ، فاضل جج نے لڑکی کو ماں کے ساتھ جانے کی اجازت دیتے ہوئے شوہر کی گرفتاری کا حکم دیدیا، جوڑے کی ایف آئی آر خارج کرنے اور تحفظ سے متعلق درخواست پرسماعت کے موقع پر لڑکی روزینہ نے عدالت کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا کہ سکندر نے مجھے اغواء کرکے جبری شادی کی ہے، عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ فوری طور پر ملزم کو گرفتار کیا جائے اور لڑکی کا بیان ریکارڈ کریں، عدالت نے تفتیشی افسر کو متعلقہ عدالت میں تفتیش مکمل کر کے چالان پیش کرنے اور لڑکی اور والدہ کو ان کے گھر پہنچنے تک تحفظ فراہم کر نے کی ہدایت کردی ، لڑکی کے اہلخانہ نے سکندر کے خلاف لڑکی کے اغواء کا مقدمہ درج کروایا تھا۔