کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کی منظوری سے آئینِ پاکستان کی روح کو مسخ کیا جارہا ہے، ایک بار پھر ملک ایک خطرناک موڑ پر کھڑا ہے، جہاں جمہوری ادارے مفلوج اور عوامی حقوق پر شب خون مارا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن بیرونی دشمنوں سے زیادہ اندرونی خلفشار کا شکار ہے، فارم 47 کے ذریعے ایوانوں میں آنے والے اراکین اسمبلی دراصل کاغذی نمائندے ہیں جنہیں عوامی مینڈیٹ حاصل نہیں، عوام نے دستور میں کی جانے والی آمرانہ ترامیم کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور اپنے جمہوری شعور کے اظہار کے طور پر ملک بھر میں احتجاجی ردِعمل دکھا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ سربراہ مجلس وحدت مسلمین، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ʼʼتحریکِ تحفظِ آئینʼʼ کے تحت ملک بھر میں پر امن احتجاج کا سلسلہ جاری ہے تاکہ قوم کی آواز ایوانِ اقتدار تک پہنچ سکے، عوام اور سیاسی قیادت کو یکجہتی کے ساتھ اس سازش کا مقابلہ کرنا ہوگا،اسلام آباد کچہری اور وانا کیڈٹ کالج دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔