راولپنڈی(نمائندہ جنگ)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے وکیل کے دفتر پر فائرنگ کے مقدمہ میں گرفتار حسن نواز کھوکھر کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، تھانہ چکلالہ کی پولیس نے گزشتہ روز ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے دس روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزم سے موبائل فوم کی برآمدگی سمیت دیگر معلومات حاصل کرنا ہیں تاہم عدالت نے ملزم کا پانچ روزہ ریمانڈ منظور کیا، دوران سماعت وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ مدعی مقدمہ وجیہ الحسن پاشا ایڈوکیٹ میرے موکل کے مقدمات میں وکیل تھے جس کیلئے پچاس لاکھ روپے فیس وصول کرنے کے باوجود موصوف کی طرف سے زیرسماعت مقدمات میں پیش نہ ہونے پر وہ کیسز عدم پیشی پر خارج کر دیئے گئے جس سے میرے موکل کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، وکیل صفائی کا مزید کہنا تھا کہ اس کے بعد بھی مدعی مقدمہ نے وعدے کے باوجود نہ تو عدم پیروی پر خارج ہونے والے مقدمات بحال کروائے اور نہ ہی ان کی فیس واپس کی عدالت سے استدعا ہے کہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست خارج کی جائے، فریقین کے وکلا مکمل ہونے پر عدالت نے 19نومبر تک ملزم کا ریمانڈ منظور کرلیا۔