اسلام آباد (خبر نگار) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 26 ویں اور 27 ویں ترمیم کو مسترد اور آئین کو اصل شکل میں بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیر کو اسلام آباد اور لاہور میں واک اور آئندہ جمعہ کو ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔ گزشتہ روز تحریک تحفظ آئین پاکستان کا غیر آئینی ستائیسویں ترمیم کے بعد ہنگامی سربراہی اجلاس زیر صدارت محمود خان اچکزئی منعقد ہوا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ 27ویں آئینی ترمیم بشمول 26ویں ترمیم آئین کی بنیادی ڈھانچے کے خلاف ہے اور جمہوریت کی بنیادی ستون عدلیہ پر ایک وار ہے جس نے عدلیہ کو انتظامیہ کے ماتحت اور آئین کا بنیادی ڈھانچہ تباہ کر دیا، شخصی بنیاد پر آئین میں ترامیم کی گئی ہیں جسے ہم مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ آئین کو اصل شکل میں بحال کیا جائے۔ اجلاس میں اسد قیصر سیکرٹری جنرل تحریک تحفظ آئین پاکستان، علامہ راجہ ناصر عباس سربراہ مجلس وحدت مسلمین، بیرسٹر گوہر علی خان چیئرمین پاکستان تحریک انصاف، سلمان اکرام راجہ سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف، اختر مینگل سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی، زین شاہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی، ساجد ترین بلوچستان نیشنل پارٹی، مصطفی نواز کھوکھر وائس چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان ، فردوس شمیم نقوی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف، حسین یوسفزئی ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان، خالد یوسف چوہدری وکیل بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف، علی اصغر خان سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی خیبر پختونخوا، شوکت بسرا ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی شریک ہوئے۔