کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں قائم نجی میڈیکل سینٹر کو سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے سنگین خلاف ورزیوں اور احکامات پر عدم تعمیل پر دوبارہ سیل کر دیا۔ یہ اقدام ایک نومولود بچی کی ہلاکت کے کیس میں کمیشن کی ہدایات پر عمل نہ ہونے کے باعث کیا گیا۔ایس ایچ سی سی کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے پہلے جاری کردہ احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیل توڑ کر دوبارہ اسپتال کھول لیا تھا اور انتہائی نگہداشت یونٹ میں مریض داخل کیے، وہ بھی بغیر کسی مستند کنسلٹنٹ کی نگرانی کے، جس سے مریضوں کی جان کو خطرہ لاحق تھا۔دو روز قبل اسپتال کے مالک اور عملے نے کمیشن کی ٹیم اور پولیس اہلکاروں کو ہراساں بھی کیا تھا۔ گزشتہ رات ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور پولیس کی معاونت سے اسپتال کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔