کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) معروف کباب ریسٹورنٹ میں آگ لگنے سے ریسٹورنٹ میں مزدوری کرنے والا نوجوان جھلس کرجاں بحق ہوگیا،تفصیلات کے مطابق فیروز آباد تھانہ کی حدود طارق روڈ پر واقع کباب ریسٹورنٹ میں اتوار کی شام زور دھار دھماکہ کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث ریسٹورنٹ میں موجود صارفین اور ملازمین میں خوف کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی،دھماکہ کی آواز مارکیٹ میں دور تک سنائی دی گئی جس نے پورے علاقے میں خوف کی فضاء قائم کردی ،واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکارو ںنے موقع پرپہنچ کر فائربریگیڈ حکام کو آگ پر قابو پانے کے لئے طلب کیا ،موقع پر پہنچ کرفائر فائٹرز نے فوری طور پر آگ پر قابو پانے کے لیےریسیکوآپریشن شروع کیا۔ آگ کی شدت میں اضافہ کے باعث آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈ کی مزید 2 گاڑیاں طلب کی گئیں۔ آگ پر قابو پانے کے عمل کے دوران فائر فائٹرز نے واقعے میں جھلس کر زخمی ہونے والے ریسٹورنٹ کے ملازم 23سالہ سجاد ولدصدیق کو ریسکیو کرنے کے بعد فوری طورایمبولنس کی مدد سے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے رستے میں دم توڑ گیا ۔ فائر فائٹرز نے تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا اور کولنگ کا عمل مکمل کرلیا۔