کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اتوار کو مین گیٹ باغِ ابن قاسم کلفٹن میں باغِ ابن قاسم،بیچ ویو اور بے نظیر پارک کی دیواریں غیر قانونی توڑنے کے خلاف اور پارک کے تحفظ کے لیے کلفٹن کے عوام کے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی کی کوئی جگہ قبضہ مافیاؤں سے محفوظ نہیں رہی۔ شہر کے پارکس، گراؤنڈز اور سرکاری زمینیں مافیا کے رحم و کرم پر ہیں،انہوں نے واضح اعلان کیا کہ جماعت اسلامی پارکس پر قبضے کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ ہم نہ صرف عوام کے ساتھ کھڑے ہیں بلکہ بھرپور جدوجہد و مزاحمت کریں گے،عدالت بھی جائیں گے اورایوان میں بھی یہ مسائل اٹھائیں گے تاکہ کراچی کے تمام پارکس قبضہ مافیا سے محفوظ رہیں۔پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے خلاف اپوزیشن لیڈر KMC سیف الدین ایڈووکیٹ کے ساتھ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمین سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشنرز کی حیثیت سے پارکوں پر قبضے کے خلاف موجود تھے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے حقوق کی جنگ پوری قوت سے لڑ رہی ہے۔