اسلام آباد (عاصم جاوید) وفاقی آئینی عدالت آج سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں کام شروع کر دے گی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے مزید دو ججز آج اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے جس کے بعد چیف جسٹس امین الدین خان سمیت وفاقی آئینی عدالت کے ججز کی تعداد 7 ہوجائے گی۔
جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ آج وفاقی آئینی عدالت کے جج کا حلف اٹھائیں گے۔
وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین خان نے جمعہ کے روز ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا جس کے بعد انہوں نے اسی روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ججز جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی سے وفاقی آئینی عدالت کے جج کے طور پر حلف لیا۔
ہفتہ کے روز جسٹس کے کے آغا نے بطور جج وفاقی آئینی عدالت اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔