• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ جلد حقیقت بنے گا، وزیراعظم کی یقین دہانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹلائزیشن اور جدید سہولتوں کی فراہمی ملکی معیشت مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریگی، کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ جلد حقیقت بنے گا،وفاقی حکومت تمام صوبوں کیساتھ ملکر ریلوے نیٹ ورک کو وسطی ایشیا تک توسیع دیگی۔ وہ پیر کو یہاں کراچی کینٹ اسٹیشن پر نئی شالیمار ایکسپریس اور کینٹ اسٹیشن کے اپ گریڈڈ ویٹنگ ایریاز اور لاؤنجز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم نے کراچی کو ملک کا معاشی مرکز اور ’’پاکستان کا دل‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت، سندھ حکومت کے تعاون سے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کی جدیدیت اور صوبے سمیت ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن یقینی بنائیگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ لاہور ریلوےا سٹیشن کی جدیدیت کے بعد کراچی کینٹ اسٹیشن کو بھی جدید سہولتوں سے آراستہ کیا گیا، سندھ حکومت کے تعاون سے صوبے کے تمام ریلوے اسٹیشنز جدید خطوط پر استوار کیے جائینگے تا کہ مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں میسر آئیں، کراچی تا لاہور شالیمار ایکسپریس کو نئی اپ گریڈ شکل میں چلایا جا رہا ہے، صوبہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور صوبہ بلوچستان کی حکومتوں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ ریلوے نیٹ ورک کی بہتری کے ذریعے قومی معیشت مضبوط بنائی جا سکے، وفاقی حکومت تمام صوبوں کے ساتھ مل کر ریلوے نیٹ ورک کو وسطی ایشیا تک توسیع دیگی، ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے لائن منصوبہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اسلام آباد-استنبول ریل روٹ کی بحالی پر بھی زور دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے کے سی آر کو سی پیک میں شامل کرنے کی تجویز پر وزیر اعظم نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اسے اہم منصوبہ قرار دیا۔

اہم خبریں سے مزید