مظفرآباد، نیلم (نمائندگان جنگ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرادی نے کہا ہے کہ مودی سرکار کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ جنگیں بھی ہارے اور اب آزاد کشمیر میں سازش بھی ہاروگے، بھارت سے جنگ کے بعد پاکستان کا مقام سب کے سامنے ہے اور مودی دنیا سے منہ چھپا رہا ہے، دنیا جانتی ہے 7جہاز گرائے، امریکا اور دیگر ممالک انہیں یاد دلائینگے کہ 7جہازگرے تھے، دنیا کا کوئی بھی فورم ہو بھارت وہاں سے بھاگ رہا ہے، مودی چاہتا ہے ہم آپس میں لڑتے رہیں ایسا نہیں ہونے دینگے، بند کمروں میں بیٹھ کر آزاد کشمیر کی حکومت نہیں چلائیں گے، فیصل راٹھور عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزادکشمیر کے ساتھ کا پیپلز پارٹی تین نسلوں کا رشتہ ہے۔ شہید بے نظیر بھٹو نے ہمیں بتایا تھا کہ جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گریگا۔