• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو زناٹے دار تھپڑ، امریکی رپورٹ نے بھی پاکستان کی فتح پر مہر لگادی، بھارت چار دن میں گھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور، وزیراعظم

اسلام آ باد (نیو ز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی فتوحات کا دائرہ معاشی میدان تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار روزہ جنگ کے بعد بھارتی فوج گھٹنوں پر آ گئی،امریکی کانگریس کی حالیہ رپورٹ نے پاک۔بھارت جنگ میں پاکستان کی طرف سے بھارت کو زناٹے دار تھپڑ اور رسید کرنے اور پاکستان کی فتح پر مہر تصدیق ثبت کر دی ،بھارت چار دن میں گھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور ہوا، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو ان کا حق ملنے تک پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،فیلڈ مارشل عاصم منیر، سیاسی و عسکری قیادت کی مشاورت سے بلاخوف و خطر فیصلے کئے،افواج کی دلیری اور فتوحات کے باعث پاکستان کا دنیا میں وقار بلند ہوا، آزاد کشمیر میں باغ دانش کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے، دانش سکولز سے فارغ التحصیل عام گھرانوں کے طلبا و طالبات بھی انجینئرز، ڈاکٹرز بن کر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے ہاڑی گہل میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وفاقی وزرا انجینئر امیر مقام، احسن اقبال، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں کے علاوہ معززین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ باغ میں باغ دانش کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے، یہ وہ دانش گاہ ہے جس کا سفر ہم نے پنجاب سے شروع کیا تھا، آج پورے پاکستان میں یہ دانش گاہیں دن رات تعمیر و ترقی کے ذریعے پھیل رہی ہیں، بھمبر میں دانش سکول کا 35 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ محکمہ تعلیم کو باغ کے دانش سکول کا23 مارچ 2026ء کو افتتاح کرنے کی ہدایت کی ہے، دانش سکول کا دائرہ کار وادی نیلم تک پھیلایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر نے فارورڈ کہوٹہ میں دانش سکول کے قیام کا مطالبہ کیا ہے، ان کی خواہش پر فارورڈ کہوٹہ کے لئے تحفتاً دانش سکول کا اعلان کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکول پاکستان کے نامور تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہیں، دانش سکولوں میں غریبوں کے بچے بہترین تعلیمی سہولیات حاصل کر رہے ہیں، میرٹ پر مفت اور بہترین تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکولوں کا جو خواب دیکھا تھا اس کی تکمیل کا وقت آ گیا ہے، عوام کو ایسی تعلیمی سہولیات کی فراہمی علامہ اقبال اور قائداعظم کا وژن تھا، دانش سکولوں میں پڑھنے والے بچے پاکستان کا نام روشن کریں گے اور اسے عظیم ملک بنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکولوں سے غریب اور یتیم بچوں کو بھی انجینئر، ڈاکٹر بننے کے مواقع ملے اور کیمبرج جیسے اداروں میں بھی یہ بچے پہنچ کر اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ وزیراعظم نے امریکی کانگریس کی حالیہ رپورٹ کا خیرمقدم کیا جس نے پاک۔بھارت جنگ میں پاکستان کی طرف سے بھارت کو زناٹے دار تھپڑ رسید کرنے پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی بار بار بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا ذکر کرتے ہیں، پاکستان کو جو عزت آج ملی ہے یہ ہمارے بہادر جوانوں اور شاہینوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت ملی ہے۔

اہم خبریں سے مزید