کراچی (اسٹاف رپورٹر )کراچی میں رواں ماہ اب تک بجلی کی بندش کے باعث 884 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا رہا، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے یکم نومبر 2025 ء سے اب تک شہر کے مختلف پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی بندش کے سبب پانی کی کمی کے اعداد و شمار جاری کر دیے، واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن میں 132 گھنٹے 20 منٹ بجلی معطلی کے باعث 424 ملین گیلن پانی کی کمی ہوئی، ڈملوٹی اسٹیشن میں 146 گھنٹے بجلی بندش کے سبب 111 ملین گیلن پانی کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن میں پانی کی کمی 335 ملین گیلن رہی ، جبکہ حب اور پپری اسٹیشنز میں 6-6 ملین گیلن اور گھارو اسٹیشن میں 2 ملین گیلن پانی کی کمی ہوئی،واٹر کارپوریشن کے حکام نے کے الیکٹرک سے مطالبہ کیا کہ مرکزی پمپنگ اسٹیشنز کے لیے مستقل، مستحکم اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے فوری اقدامات کیے جائیں، بار بار کیبل فالٹس کی وجہ سے پمپنگ مشینری کو پہنچنے والے نقصانات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور مرکزی پمپنگ اسٹیشنز میں متبادل فیڈرز، اسٹینڈ بائی کیبلز اورتیکنیکی اپ گریڈیشن جیسے اقدامات کئے جائیں، ترجمان نےدعویٰ کیا کہ بجلی کی بحالی کے بعد شہر میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر معمول پر آگئی ہے۔