• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہ فریقی سیریز، عثمان طارق کی ہیٹ ٹرک، پاکستان فائنل میں، زمبابوے کو ہرادیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان کی تیز رفتار بیٹنگ کے بعد کراچی کے منفرد بولنگ ایکشن والے اسپنر عثمان طارق کی ہیٹ ٹرک کے کارنامے کی بدولت پاکستان سہ فریقی سیریز کے فائنل میں پہنچ گیا، اتوار کو گرین شرٹس نے زمبابوے کو 69 رنز سے ہرا کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی۔ 27سالہ عثمان طارق ٹی ٹوئنٹی میں ہیٹ ٹرک کرنے والے فہیم اشرف، محمد حسنین اور محمد نواز کے بعد چوتھے پاکستانی بولر ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ اپنے دوسرے انٹر نیشنل میچ میں انجام دیا۔ طارق نےچار اوورز میں18رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز نے 21رنز کے عوض د و وکٹ حاصل کئے۔195 کےجواب میں پنڈی اسٹیڈیم میں ناکام ٹیم 126رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ پاکستان نے لگاتار پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ جیتا ہے۔ ریان برل نے 67رنز49گیندوں پر دو چھکوں اور8چوکوں کی مدد سے بنائے۔ سکندر رضا18گیندوں پر23 رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔ دیگر8بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔ عثمان طارق نے اننگز کے دسویں اوور میں مویون یونگا، ٹیشنگا اور ویلنگٹن ماسا کاڈزا کو آئوٹ کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ منگل کو سری لنکا اور زمبابوے کا میچ ہوگا۔ سری لنکا کو زمبابوے کے ہاتھوں شکست ہوچکی ہے اس لئے اسے فائنل میں جانے کے لئے اگلے دونوں میچ جیتنا ہوں گے ۔ زمبابوے نے بیٹنگ شروع کی تو نسیم شاہ نے مارو مانی کو چار رنز پر آئوٹ کرادیا۔ قبل ازیں پاکستان نے 5 وکٹ پر 195 رنز بنائے۔ پاکستانی بیٹرز نے آخری پانچ اوورز میں69 رنز بنائے، آخری اوور میں25رنز بنے۔ فخر زمان 11 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے تین چھکے اور ایک چوکا مارا۔ صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نےدوسرے وکٹ پر103رنز 77گیندوں پر بنائے۔ بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، انہوں نے38ویں نصف سنچری بنائی۔ صاحب زادہ فرحان نے 41 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔ یہ ان کی ساتویں نصف سنچری ہے۔ صائم ایوب 13، محمد نواز 4 اور فہیم اشرف 3 اور کپتان سلمان علی آغاز ایک رن پر ناٹ آئوٹ رہے ۔کپتان سکندر رضا 39 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔

اسپورٹس سے مزید