اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کی سندھ صوبے کے حوالے سے بیان کی سخت مذمت کی ہے اور اسے ”خیالی اور خطرناک تشدیدی رویے“ قرار دیا ہے۔ پاکستان نے کہا ہے کہ ایسے بیانات ایک ’’وسعت پسند ہندو نوا ذہنیت‘‘ کی عکاسی کرتے ہیں جو قائم شدہ حقائق کو چیلنج کرنے کی کوشش کرتی ہے، اور یہ بین الاقوامی قانون، تسلیم شدہ سرحدوں کی حرمت اور ریاستوں کی خودمختاری کی واضح خلاف ورزی ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کی شام جاری کیے گئے ایک بیان میں، بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور دیگر بھارتی رہنماؤں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ایسے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں جو علاقائی امن اور استحکام کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔یہ بھارتی حکومت کے لیے کہیں زیادہ تعمیری ہو گا کہ وہ اپنے شہریوں، خاص طور پر کمزور اقلیتی برادریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے پر توجہ دے۔ بھارتی حکومت کو چاہیے کہ وہ ان لوگوں کا احتساب کرے جو اقلیتی برادریوں کے خلاف تشدد کو بھڑکاتے یا مرتکب ہوتے ہیں، اور ایسے امتیازی سلوک کو بھی دور کرے جس کی جڑیں مذہب پر مبنی تعصب اور تاریخی بگاڑ میں پیوست ہیں۔