اسلام آباد(فاروق اقد س)ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی 2 روزہ دورے پر آج اسلام آبادپہنچیں گے ،پاکستان روانگی سے قبل علی لاریجانی نے کہا کہ وہ ایک بھائی چارے والے اور دوستانہ ملک پاکستان کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کے مطابق دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور خطے میں سلامتی و تعاون کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کبھی نہیں بھولے گی کہ امریکی اور صہیونی جنگ کے دوران پاکستانی عوام نے کس طرح ایران کے ساتھ کھڑے ہو کر تعاون کیا۔علی لاریجانی نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان دو اہم اور بااثر ممالک ہیں جو خطے میں دیرپا سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور ایران پڑوسی ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات قائم رکھنے پر مکمل توجہ دے رہا ہے۔