• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈ کپ، دنیا کی نظر 15 فروری پر، پاک بھارت ٹکراؤ طے

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سابق چیمپئن پاکستان اور دفاعی چیمپئن بھارت کو ایک گروپ میں رکھا گیا ہے۔ میگا ایونٹ تو 7 فروری سے شروع ہوگا لیکن پوری دنیا کی نظر 15 فروری پر ہوگی، روایتی حریف ٹیمیں اس روز پریما داسا اسٹیڈیم کولمبو میں مدمقابل ہوں گی۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری تا 8 مارچ بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، 20 ٹیموں کو 4 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یکم دسمبر سے مختلف ممالک میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی کی رونمائی ہوگی۔ منگل کو ممبئی میں ہونے والی تقریب میں آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ آئی سی سی کے صدر جے شاہ نے بھارت کے سابق کپتان روہت شرما کو ٹورنامنٹ کا ایمبسیڈر مقرر کیا ہے۔ بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گی۔ پاکستانی ٹیم اپنے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم پہلا میچ 7 فروری کو نیدر لینڈز، دوسرا 10 فروری کو امریکا ، تیسرا بھارت کے خلاف 15 فروری اور چوتھا میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گی۔ سپر 8 مرحلہ 21 فروری سے یکم مارچ تک ہو گا۔ پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو کولکتہ جبکہ دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو ممبئی میں ہوگا۔ فائنل 8 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اگر پاکستان فائنل میں کوالی فائی نہیں کرتا تو فائنل احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے کوالی فائی کرنے کی صورت میں فائنل کولمبو میں ہوگا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 20 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نمیبیا، امریکا اور نیدر لینڈ کی ٹیمیں ہیں۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، آئر لینڈ، عمان، سری لنکا اور زمبابوے شامل ہیں۔ گروپ سی میں بنگلہ دیش انگلینڈ، اٹلی، نیپال اور ویسٹ انڈیز جبکہ گروپ ڈی میں افغانستان، کینیڈا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور متحدہ عرب امارات کو رکھا گیا ہے۔ افتتاحی روز 7 فروری کو 6 ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا ۔

اسپورٹس سے مزید