• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل سیکریٹری کی اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں، دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم

اسلام آباد(نیو زرپورٹر، نامہ نگار خصوصی ، نمائندہ خصوصی،ٹی وی رپورٹ،ایجنسیاں) پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی کی اسلام آباد میں صدرمملکت آصف علی زرداری ‘ وزیراعظم شہبازشریف ،نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے اہم ملاقاتیں ‘ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔علی لاریجانی نے حالیہ واقعات میں پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری اور کامیابی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی فتح ہماری فتح ہے۔صدر نے حالیہ سیلاب میں اظہار یکجہتی اور ایرانی ریڈکریسنٹ کی انسانی امداد پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران ایران کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے بارے میں باہمی طورپر قابل عمل حل کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقع پر علی لاریجانی نے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کی نیک خواہشات اور سلام پہنچایا۔ علی لاریجانی نے شہباز شریف سے بھی ملاقات کی اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے علاقائی مسائل پر ایران کے اصولی مؤقف کو سراہا اور دونوں ممالک کے پرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے ایران سے مل کر کام کرنے کےعزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں اتفاق ہوا کہ اسحاق ڈار کی قیادت میں ایک وفد جلد ایران کا دورہ کرےگا۔ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور سپیکر سردار ایاز صادق سے بھی ملاقات کی ،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور علی لاریجانی نے علاقائی اور بین الاقوامی امور میں تعاون بڑھانے کا عزم کیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی کی ملاقات میں پاک ایران تعلقات، علاقائی سلامتی، پارلیمانی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید